ماسکو(آئی این پی)برطانیہ میں روسی جاسوس کو زہر دینے کے معاملے پر روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں روس کے دارالحکومت ماسکو میں موجود امریکی سفارتکاروں کی بے دخلی کا عمل شروع ہوگیا ۔مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ماسکو میں امریکی سفارتخانے کے باہر موجود صحافیوں نے کچھ افراد کو سامان اٹھائے ہوئے تین بسوں میں سوار ہوتے دیکھا۔یاد رہے کہ روس نے امریکا کی جانب سے اپنے سفارتکاروں کی بے دخلی
کے جواب میں 60 امریکی سفارتی اہلکاروں کو جمعرات تک ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا۔یہ تمام اقدامات برطانیہ میں روسی ڈبل ایجنٹ اور اس کی بیٹی کو خطرناک زہر دئیے جانے کے نتیجے میں شروع ہونے والے عالمی تنازع کا حصہ ہے۔ برطانیہ کا الزام ہے کہ اس حملے میں روس ملوث ہے جب کہ ماسکو نے الزام کو مسترد کیا ہے۔اس تنازع کے نتیجے میں برطانیہ، امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک نے 150 سے زائد روسی سفارتکار بے دخل کردئیے جب کہ روس بھی ان اقدامات کا برابر جواب دے رہا ہے۔