اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کی دن بدن صورتحال انتہائی دگرگوں اور بگڑتی جا رہی ہے اور اس صورتحال میں ہر صاحب نظر اور اہل دل اپنے جذبات کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکتا، عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی اپنی جگہ مگر حال ہی میں بھارتی قابض فوج کی بزدلانہ کارروائیوں میں بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام پر سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے
\اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں نہتے اور بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ ڈالا ہے۔ شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہو چکا ہے اور طرح طرح کے حربے اختیار کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پردہ ڈالنے کیلئے کوششیں کر رہا ہے ۔ معاملے کو نیا رخ دینے کیلئے بھارتی میڈیانے پاکستان اور شاہد آفریدی کے خلاف پروپیگنڈہ مہم شروع کر دی ہے اور اب شاہد آفریدی کو جواب دینے کیلئے اپنے کرکٹرز کو میدان میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک کوشش میں بھارتی میڈیا نمائندوں نے جب شاہد آفریدی کے کشمیر میں قتل عام پر کئے جانے والے بھارت کے خلاف ٹویٹ سے متعلق بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کی حب الوطنی اپنے ملک کے ساتھ ہے اور یہی صورتحال ہماری طرف بھی ہے، یہ کسی کا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے کہ وہ اگر کسی موضوع پر معلومات رکھتا ہے تو وہ اس پر کھل کر بات کرے ، میں سمجھتا ہوں کہ اگر حب الوطنی کی بات کی جائے بھارتی اپنے ملک کو مقدم رکھتے ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے اس مدبرانہ اور معاملے کی نوعیت کو سمجھ کر جواب دینے پر بھارتی میڈیا
اندر سے پیچ و تاب کھا کر رہ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی کوشش تھی کہ ویرات کوہلی شاہد آفریدی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کچھ بھڑکیلا قسم کا بیان دیں مگر انہوں نے ایسا بیان دیدیا ہے کہ جس پر بھارتی میڈیا کی تمام امیدوں پر اوس پڑ گئی ۔