ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کا ڈرایئونگ لائسنس دنیا کے پچاس ملکوں میں کارآمد ہو گا۔ یو اے ای سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد ان ملکوں میں گاڑی چلانے اور کرائے پر گاڑی حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جن ملکوں میں یو اے ای کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کارآمد ہو گا،ان میں امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سنگاپور اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
جرمنی، فرانس، سوئیٹزرلینڈ ، اٹلی، بیلجئیم اور ناروے کے علاوہ یورپی یونین کے رکن بعض دوسرے ممالک میں بھی یو اے ای کا لائسنس کارآمد ہو گا۔ان ممالک کی مکمل فہرست متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔ ہر ملک نے ڈرائیونگ لائسنس کے استعمال کی ایک خاص مدت متعیّن کی ہے۔ابتدائی طور پر نو ممالک نے یو اے ای کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد کو اپنے ہاں گاڑیاں چلانے کی اجازت دی تھی۔اس تجربے کی کامیابی کے بعد اب مزید ممالک کی جانب سے یواے ای کے ڈرائیونگ اجازت نامے کے حاملین کو گاڑیاں چلانے کی اجازت ایک بڑی پیش رفت ہے۔