ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں شماریات کے قومی ادارے کے سرکاری ترجمان تیسیر المفرج نے کہاہے کہ مملکت کی مجموعی آبادی 3 کروڑ 25 لاکھ 52 ہزار 336 افراد ریکارڈ کی گئی ہے۔ دی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق المفرج نے بتایا کہ 2016ء کے آبادیاتی سروے کے مقابلے میں 2017ء کی مردم شماری میں آبادی کی سالانہ شرح نمو 2.52% رہی۔مجموعی آبادی میں مردوں کا تناسب 57.48% اور خواتین کا 42.52% ہے۔مردم شماری کے نتائج کے مطابق مجموعی آبادی میں
سعودی باشندوں کی تعداد 2 کروڑ 64 لاکھ 970 ہے۔ سعودی باشندوں میں جنس کی تقسیم کے لحاظ سے مردوں کا تناسب 50.94% اور خواتین کا 49.06% ہے۔تیسیر المفرج کے مطابق حالیہ مردم شماری میں خاندانوں کے بارے میں متعدد معلومات شامل کی گئیں۔ ان میں مملکت اور صوبائی سطح پر ازدواجی حالت ، تعلیمی قابلیت اور سعودی اور غیر سعودی شہریوں کا آبادیاتی تناسب شامل ہے۔ مردم شماری سے کئی اشاریے بھی تیار کیے گئے مثلا شرح اموات ، عمر کے لحاظ سے آبادی کا تناسب اور شادی اور طلاق کا تناسب وغیرہ۔