سری نگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر 17 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے اسلام آباد اور شوپیاں کے اضلاع میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 16 کشمیری نوجوان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور کشمیری نوجوان اقبال بھٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے
چل بسا جس کے بعد شہدا کی تعداد 17 ہوگئی۔ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کشمیری اضلاع میں بھارتی سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے 2 مختلف واقعات میں 12 نوجوان ہلاک ہوئے جن میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فورسز کے 3اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی دعوی کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔دوسری جانب کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے جب کہ کشمیر یونیورسٹی کے طالبعلموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے بھی لگائے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ آخر کب تک اپنا پیدائشی حق مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو چن چن کر مارا جائے گا اور دنیا خاموشی سے دیکھتے رہے گی۔انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں بھارتی افواج نے ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی اور 17 نوجوانوں کو شہید کردیا ، جن میں سے 12 کا تعلق شوپیاں ضلع سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر کب تک اپنا پیدائشی حق مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو چن چن کر مارا جائے گا اور دنیا خاموشی سے دیکھتے رہے گی۔