ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے اقوام متحدہ کو یمن میں انسانی امداد کے لیے 93 کروڑ ڈالر کا چیک دے دیا۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے اس موقع پر یمن میں جاری جنگ ختم کرنے پر زور دیا جس میں سعودی عرب فوجی اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنتونیو گوتیرس نے اس امداد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ۔
تاہم انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن جنگ کا صرف انسانی ہمدری کے تحت امداد سے نہیں بلکہ سیاسی حل نکالنے کی ضرورت ہے۔امدادی چیک وصول کرنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انسانی مسائل کا کوئی انسانی امداد کے ذریعے حل نہیں نکالا جاسکتا۔اس امدادی چیک میں متحدہ عرب امارات کا تعاون بھی شامل ہے۔متحدہ عرب امارات اس اتحاد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس نے 3 سال قبل حوثی باغیوں کے خلاف یمنی حکومت کی عسکری مداخلت کے ذریعے حمایت کی تھی۔آنتونیو گوتیرس نے کہا کہ یمن جنگ کا حل سیاسی ہے اور ہم حل تلاش کرنے کے لیے مکمل طور پر سعودی عرب کی طرف دیکھ رہے ہیں جس سے جنگ کو ختم کیا جاسکے گا۔