بیجنگ (این این آئی)چینی وزارت قومی دفاع کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون سے خطے اور بین الاقوامی طور پر امن کے قیام اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ چین اور پاکستان ہر امور پر شراکت دار ہیں اور ہم نے اعلی سطح پر دفاع اور فوجی تبادلوں اور تعاون بحال کر رکھی ہے۔ترجمان نے بھروسے کا اظہار کیا کہ چین اور پاکستان فوجی تبادلوں اور تعاون سے دونوں ممالک میں ریاست سے ریاست تعاون میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تبادلوں اور تعاون سے خطے اور بین الاقوامی امن اور استحکام کی فضا بھی بہال ہوگی۔مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تبادلوں اور مشترکہ مشقوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اس حوالے سے بحث جاری ہے۔خیال رہے کہ چین اور پاکستانی کی فضائیہ کے درمیان مشترکہ تربیتی مشقوں شاہین 4 کا گزشتہ سال ستمبر میں انعقاد کیا گیا تھا۔ان مشقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر فائٹرز جیٹ اور خبردار کرنے والے طیاروں نے حصہ لیا تھا۔چینی جے 11 فائٹرز، جے ایچ 7 فائٹرزبمبار، کے جے 200 اے ڈبلیو اے سی ایس ایئر کرافٹ اور زمینی افواج جن میں زمین سے فضا میں میزائیل داغنے والے اور ریڈار ٹروپس نے بھی ان مشقوں میں حصہ لیا تھا۔