صنعاء(این این آئی)یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد الجابر نے کہا ہے کہ ایران نواز حوثی باغی تہران کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور وہ یمنی قوم کو بھوک، افلاس اور قحط سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ یمن کے انسانی بحران کے حل کے لیے فوری سیاسی حل کی اشدت ضرورت ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ حوثی ملیشیا ایرانی ایجنڈے اور غیرملکی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
جو خطے کو تباہی سے دوچار کرنے کے لیے سیاسی حل سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے یمن کے بحران کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی تھیں مگر حوثیوں نیغیرملکی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے تمام امن کوششوں کو مسترد کردیا۔محمد الجابر نے کہا کہ یمن میں سعودی عرب کی جانب سے جاری امدادی آپریشن جاری رہے گا۔ یمن میں امدادی آپریشن میں متحدہ عرب امارات اور دوسرے ممالک بھی بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سعودی سفیرنے کہا کہ یمن میں امدادی سامان کی ترسیل اور سپلائی کے لیے 9 بحری بندرگاہیں، 7 فضائی اور پانچ بری راستے استعمال کیے جا رہے ہیں۔