برلن(این این آئی)جرمنی سے ملک بدر کیے جانے والے دس افغان باشندے واپس اپنے ملک پہنچ گئے ۔ پناہ کی درخواست مسترد ہونے پر انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے افغانستان روانہ کیا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن حکام نے بتایاکہ افغان تارکین وطن کا ایک گروپ افغانستان پہنچ گیاہے ۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مہاجرین کے امور سے وابستہ ایک جرمن اہلکار نے بتایا کہ دس افغان باشندوں کو پرایک چارٹرڈ طیارے
کے ذریعے افغانستان روانہ کیا گیا ۔ان حکام نے تصدیق کر دی کہ لائپزگ ہالے ہوائی اڈے سے کابل جانے والی یہ خصوصی پرواز کابل پہنچ چکی ہے۔ بتایا گیا کہ ان افغان باشندوں کی جرمنی میں جمع کرائی گئی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں ملک بدر کیا گیا ہے۔ جرمنی میں ایسے افغان مہاجرین اور تارکین وطن افراد کا یہ گیارہواں گروپ تھا، جسے جرمنی سے ملک بدر کر کے واپس افغانستان بھیجا گیا ہے۔