ریاضّ(این این آئی)سعودی عرب کی نائب وزیر برائے محنت اور سماجی ترقی تماضر الرماح نے کہا ہے کہ ’’ سعودی خواتین مملکت کی مضبوطی کا ایک اہم عنصر ہیں ۔ہم ان کی ذہانت وفطانت اور صلاحیتوں کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے،ان کی صلاحیت کار کو بہتر بنانے کے لیے سرمایہ کاری کریں گے ،انھیں اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے مناسب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائیں گے۔
تاکہ وہ ہمارے معاشرے اور معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے یہ باتیں نیویارک میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے حیثیت ِ خواتین کے ایک اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہیں۔انھوں نے سعودی حکومت کی جانب سے خواتین کی ترقی اور انھیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے حال ہی میں کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ صنفی مساوات کے حصول کے لیے چیلنجز ، مواقع اور دیہی خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے موضوع کے لیے مختص سیشن میں اس شعبے میں سعودی عرب کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کا انھیں ایک اچھا موقع فراہم ہوا ہے۔