جدہ(این ای آئی)شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹم اہلکاروں نے ہیروئن اسمگل کرنے کی متعدد کارروائیاں ناکام بناتے ہوئے اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ۔ برآمد ہونے والی ہیرو ئن کی مقدار 2 کلو 232 گرام تھی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ائیر پورٹ پر کسٹم ڈائریکٹر بندر الرحیلی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اسمگلنگ کی 3 وارداتیں ناکام بنائی گئی ۔
بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر پر کسٹم اہلکاروں کو شک ہوا جسے طبی معائنہ سے گزار ا گیا تو اسکے پیٹ میں بڑی مقدار میں کیپسول دکھائی دیئے ۔ اہلکارو ں نے طبی عملے کی مدد سے اسمگلر کے پیٹ سے ہیروئن کے کیپسول برآمد کروائے جن کی تعداد 80 تھی ۔ کیپسولز سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی مقدار 577 گرا م تھی ۔ دوسری 2 کارروائیوں میں برآمد ہونیوالی ہیروئن کی مقدار 1655 گرام تھی جو 205کیپسولز میں لائی جارہی تھی ۔ الرحیلی کا کہنا تھا کہ مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ جرم ہے ۔ پیٹ میں کیپسولز کے ذریعے ہیروئن کی اسمگلنگ کافی عرصے سے جاری ہے اس حوالے سے محکمہ کسٹم کے اہلکاروں کا اعلی تربیت فراہم کی گئی ہے جو مسافروں کو دیکھتے ہی پہچان لیتے ہیں جس کے بعد انکا باقاعدہ طبی معائنہ کیا جاتا ہے ۔