نئی دہلی(این این آئی)اپنی سیاسی کامیابی کے لئے سوشل میڈیا کا بہترین استعمال کرنے کے لئے مشہور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ ان کے ساٹھ فیصد سے زائد ٹوئٹر فالوورز فرضی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت سے شائع ہونے والے انگلش جریدے آوٹ لْک کی طرف سے کرائے گئے سروے میں انکشاف ہوا کہ ٹوئٹر پر وزیراعظم مودی کو فالو کرنے والے چار کروڑ فالوورز میں سے ڈھائی کروڑ فرضی ہیں۔ایک سروے میں کہاگیاکہ فرضی فالوورز
کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کے تمام رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیا لیکن اس ریکارڈ سے ان کے مداحوں کو خوشی نہیں ہوگی جو بھارت میں ہر بڑی کامیابی کا سہرا مودی کے سر باندھتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس سروے کے مطابق فرضی فالوورز کے معاملے میں مودی کے بعد 59 فیصد کے ساتھ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس دوسرے نمبر پر ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 37 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر اور میکسیکو کے صدر 47 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔