دبئی(این این آئی)دبئی میں پولیس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت انسانی نگرانی کو مزید بہتر اور مؤثر بنا رہی ہے اور پولیس افسروں کا کردار انتظامی ذمے داریوں اور دوسرے روایتی کاموں تک محدود کیا جارہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان دبئی مستقبل فاؤنڈیشن نے کیا ،دبئی نے پولیس اہلکاروں کے بغیر پولیس کے عنوان سے ایک نیا اقدام شروع کیا ہے ۔
دبئی مستقبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کے مطابق یہ دبئی 10 ایکس منصوبے کا حصہ ہے اور اس کا مقصد دبئی کو دنیا کے تمام دوسرے شہروں سے دس سال آگے لے جانا ہے۔اس اقدام کے تحت جنگلوں ، باڑوں اور گھروں میں نئے کیمرے نصب کیے جارہے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت کمیونٹی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔دوسرے اقدام کے طور پر کھلی جگہوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی اور پیشگی خبردار کرنے والے کنٹرول نظام کے حامل طیارے کے ذریعے ان کی نگرانی کی جائے گی۔تیسرا اقدام اسٹیشن آن پٹرول (گشتی اسٹیشن) ہے ،اس کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری امداد مہیا کرنا ہے۔دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف جنرل عبداللہ المری کا کہناتھا کہ نئی ٹیکنالوجی کا مطلب تحفظ کی اعلیٰ سطح اور معیار ہوگا ۔ان منصوبوں کے ذریعے ہم پولیس افسروں کے بغیر پولیس کاری کے تصور کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں۔