نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہا ہے کہ فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کو نفسیاتی تشخیص کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خلاف جنگ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی بعض تنقیدی رپورٹوں پر صدر ڈوٹیرٹے نے کڑی تنقید کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائنی حکومت کی جانب سے عالمی ادارے کے بعض اہلکاروں کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کے تناظر میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے
سربراہ زید رعد الحسین کا کہنا تھاکہ ایسی باتوں سے کوئی بھی یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ فلپائن کے صدر کو نفسیاتی علاج کی ضرورت ہے۔انسانی حقوق کونسل میں منیلا کے سفیروں کے تبادلے کی تقریب میں زید رعد الحسین نے گزشتہ برس نومبر میں فلپائنی میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کا حوالہ دیا جن کے مطابق ڈوٹیرٹے نے نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے کالامرڈ کو تھپڑ مارنے کی دھمکی دی تھی۔ زید رعد الحسین نے مزید کہاکہ ایسے حملوں پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔