لندن (این این آئی)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے برطانیہ کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کی مختلف کمپنیوں اور اداروں کے درمیان دو ارب دس کروڑ ڈالرز (آٹھ ارب نوّے کروڑ سعودی ریال) مالیت کے اٹھارہ سمجھوتے طے پائے ہیں۔سعودی عرب اور برطانیہ کے مختلف اداروں کے درمیان تعلیم ، سرمایہ کاری ، ایجاد کاری اور توانائی کے شعبوں میں یہ سمجھوتے طے پائے ہیں۔
ان میں ایک سمجھوتے کے تحت سعودی عرب میں مراکزِ صحت کے قیام کے لیے ایک ارب ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔اسی سے متعلق ایک اور خبر یہ ہے کہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سرمایہ کاری نے برطانیہ کی مختلف کمپنیوں کو مملکت میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے دس لائسنس جاری کیے ہیں۔ان میں برطانیہ کی دواساز کمپنی آسترا زینکا بھی شامل ہے۔اس نے بھی سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے لیے ایک لائسنس حاصل کیا ہے۔