بیجنگ(آن لائن) چین نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ میں ضروری ردعمل دکھایا جائے گا تاہم یہ کشیدگی تمام فریقین کے لئے نقصان ہو گی ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکہ کوئی حریف ممالک نہیں ہیں تاہم تاریخ گواہ ہے کہ تجارتی جنگ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لئے ہر گز درست راستہ نہیں ہے۔
خصوصاً آج کے اس گلوبلائزیشن دور میں تجارتی جنگ کا انتخاب ایک بہت بڑی غلطی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ ایسی جنگ کا نتیجہ صرف اور صرف نقصان کی صورت میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین یقیناً امریکی منفی تجارتی اقدامات کے خلاف بھرپور جوابی ردعمل دکھائے گا۔ واضح رہے چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا رواں ہفتے درآمدی لوہے کی مصنوعات پر 25 فیصد اور ایلومینیم مصنوعات پر دس فیصد ٹیرف عائد کرنے کا امکان ہے تاہم وائیٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ قومی سلامتی کو بنیاد پردیگر ممالککو ایک ماہ کا استثنٰی دیا جا سکتا ہے اور اس اقدام کا مقصد چینی مصنوعات کی درآمدات کو سستا کرنا ہے ۔