بیت لحم (مانیٹرنگ ڈیسک) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم سے ایک 92 سالہ فلسطینی بزرگ اور سرکردہ قبائلی رہنما کو حراست میں لے لیا۔اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے بیت لحم میں الخضر کے مقام پر تلاشی کے دوران قبائلی سرپنچ علی مصطفی الوحش کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔الشیخ الوحش کے بیٹے احمد الوحش نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے البالوع کے مقام پر ان کے گھر پر چھاپہ
مارا اور گھر میں اشتعال انگیز انداز میں توڑپھوڑ کے بعد گھر میں موجود تمام افراد کو باہر نکالا۔ یہ چھاپہ صبح پانچ بجے کے وقت مارا گیا۔ شدید سردی میں اہل خانہ کوکھڑا رکھنے کے بعد ان کے عمر رسیدہ والد کو حراست میں لے لیا۔احمد نے بتایا کہ قابض فوج نے ان کا ذاتی اسلحہ بھی ان سے چھین لیا۔ خیال رہے الشیخ علی مصطفی الوحش سرکردہ سماجی رہنما ہیں جو مقامی سطح پر شہریوں کے درمیان پیدا ہونیوالے تنازعات کے حل کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔