واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل اور چین سمیت چار ممالک کا امریکی صدر کے داماد کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل، متحدہ عرب امارات، میکسیکو اور چین نے امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ کے دامادجارڈ کوشنر کی سیاسی کمزوریوں کو بھانپتے ہوئے انہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے داماد سیاسی طورپر ابھی نابالغ ہیں ،بعض ممالک ان کی کمزوریوں کی وجہ سے انہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے مشیر نے صدر کے داماد کوشنر کو موجودہ بحران کے حل تک خفیہ معلومات نہ دینے کا حکم دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق انٹلیجنس حکام کوشنر پراعتماد نہیں کرتے۔ ان کی خارجہ سیاست سے متعلق کم علمی اور سیاسی بصیرت کے فقدان کے باعث انہیں سیاسی میدان میں نابالغ سمجھا جا رہا ہے۔ چار ممالک انہیں اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے الو بنا چکے ہیں۔ تاہم جارڈ کوشنر کے وکیل آبی لوبیل نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائیٹ ہاؤس کے حکام کو جارڈ کوشنر کے دوسرے ممالک کیساتھ تجارتی روابط پر تشویش اور اعتراض ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں سیکیورٹی سے متعلق کوئی بیان جاری کرنے سے منع کردیا گیا ہے۔