سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بالاکوٹ میں ایک پر تشددآپریشن کے دوران شہید کیا۔دریں اثنا ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن میں بھارتی فوج کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں
نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھیں۔بیج بہاڑہ کے علاقے آرونی میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ادھرضلع پلوامہ کے علاقے پنزگام اونتی پورہ میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کیمپ پر حملہ کیا گیا۔