واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کے ایک فوجی ہیلی کاپٹر نے جاپانی جزیرے اوکی ناوا کے ایک ہوٹل کی گراؤنڈ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ یہ امریکی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے متعدد حادثات کے سلسلے کا نیا واقعہ ہے جس کے نتیجے میں مقامی شہریوں میں وہاں امریکی فوج کی موجودگی کے حوالے سے غم و غصے میں اضافہ ہو گیا ہے۔جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر کے عملے کو اس جگہ ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی کیونکہ
کاک پٹ میں ایک وارننگ لائیٹ آن ہو گئی تھی۔ اوکی ناوا میں موجود امریکی میرین کور نے فوری طور پر اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔جاپان کے جنوبی علاقے میں واقع اس جزیرے اوکی ناوا میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سے امریکی فوجی اڈہ موجود ہے اور وہاں کے مقامی شہری اس بات پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اْنہیں امریکی فوج کی وہاں موجودگی کی حمایت کرنے کے سلسلے میں غیر منصفانہ قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔اس سے قبل ہفتے کے روز امریکی میرین کور کے ایک اور ہیلی کاپٹر نے روٹر خراب ہو جانے کے باعث اوکی ناوا کے ساحلی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ اس سے پہلے ایک امریکی جہاز سے اْس کی کھڑکی ایک اسکول کے پلے گراؤنڈ میں جا گری تھی۔ایسے واقعات کے علاوہ کبھی کبھار امریکی فوج کے کسی اہلکار کی طرف سے جرم کرنے کے واقعات کے باعث اس علاقے میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف احتجاج میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔اوکی ناوا جاپان کے جنوبی علاقے میں مشرقی بحیرہ چین کے کنارے واقع ہے۔ یہ جزیرہ 1972 تک امریکی تسلط میں تھا اور اس جزیرے کے 20 فیصد رقبے پر موجود امریکی اڈے میں 30,000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔