ماسکو(این این آئی)روسی ذرائع ابلاغ نے ایک ویڈیو فوٹیج نشر کی ہے جس میں صدر ولادی میرپوتین کو فنون وثقافت کونسل کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے دکھایا گیا ہے۔ اسی اجلاس کے دوران اچانک انہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا ٹیلیفون آیا۔ صدر پوتین نے اجلاس چھوڑ کر شاہ سلمان سے بات کی۔روسی ٹی وی کیک مطابق اگرچہ اجلاس کے دوران صدر پوتین کو ایک اہم ٹیلیفون سننے کا کہتے سنا گیا ہے تاہم
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ اہم فون کس کا ہے۔ البتہ بعد میں کرملین حکام نے بتایا کہ صدر ولادی میر پوتین شاہ سلمان سے ٹیلیفون پر بات چیت کرنے کے لیے اجلاس سے اٹھ کر گئے ہیں۔صدر ولادی میر پوتین نے شاہ سلمان سے ٹیلیفون پر تفصیلی بات چیت کی۔ گفتگو کے دوران یمن سمیت کئی دوسرے عالمی مسائل زیربحث آئے۔اس موقع پر ولادی میر پوتین نے یمنی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک حملوں کی شدید مذمت کی اور ان حملوں کی تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔