صنعاء(آن لائن)یمن کے سابق منحر ف مقتول صدر علی عبداللہ صالح کے ایک قریبی ساتھی اور ان کے وکیل محمد المسوری نے دعویٰ کیا ہے کہ علی صالح کو یمن میں موجود ایرانی پاسداران انقلاب نے قتل کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق محمد المسوری نے ایک بیان میں کہا کہ وہ عنقریب حوثیوں کے دفاع میں سرگرم ایرانی پاسداران انقلاب کے تخریبی کردار اور علی صالح کے قتل میں ان کے ملوث ہونے کی
تفصیلات منظرعام پر لائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھآ کہ سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح اور پیپلز کانگریس کے سیکرٹری جنرل عارف الزوکا کے قتل میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے۔سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ صنعاء4 اور ملک کے دوسرے شہروں میں حوثی باغیوں کے ظلم کے خلاف جاری انتفاضہ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن ایران کے غلیظ اور گندے منصوبوں کا دروازہ بنا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ علی صالح کے قتل کے بعد ان کے وکیل محمد المسوری بھی اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر صنعاء4 سے نقل مکانی کر کے مآرب میں قیام پذیر ہیں۔علی عبداللہ صالح کو چار دسمبر کو اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب انہوں نے حوثیوں کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے عوام سے انتفاضہ شروع کرنے کی اپیل کی تھی۔