واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں؟ کیا وہ خلائی مخلوق کے کھوج کا پروگرام دوبارہ شروع کریں گے ؟ صحافی نے سوال وائٹ ہاوس ترجمان سے کیا مگر جواب کہیں اور سے آنے لگا ؟ پریس سیکریٹری بولیں لگتا ہے آپ لوگوں کے درمیان ہی کوئی خلائی مخلوق موجود ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہاوس میں پریس بریفنگ کے دوران سارا سینڈر سے ایک صحافی
نے سوال کیا کہ کیا صدر خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں اور کیا وہ خلائی مخلوق کے کھوج کا پروگرام دوبارہ شروع کریں گے جو پنٹاگون نے کچھ عرصہ قبل بند کردیا تھا ؟اس موقع پر دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سارا سینڈر کے جواب دینے پہلے ہی صحافی کے آئی فون میں انسٹال خود کار ایپلی کیشن سری
ایکٹو ہوگئی اور اس نے موبائل فون میں محفوظ ٹیلی فون نمبر اور نام پڑھنا شروع کردیئے۔اس صورتحال پر سارا سینڈرز بولیں کہ لگتا ہے آپ لوگوں کے درمیان ہی کوئی خلائی مخلوق موجود ہے۔صحافی کے سوال کے جواب میں سارا سینڈرز نے بتایا کہ انہیں کچھ معلوم نہیں کہ صدر ٹرمپ خلائی مخلوق پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟ تاہم وہ اس بارے میں ان سے ضرور دریافت کریں گی۔