انقرہ(این این آئی)ترک صدر ایردوآن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انقرہ حکومت جلد ہی فلسطینی ریاست کے لیے اپنا سفارت خانہ مشرقی یروشلم میں کھول پائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کی مذمت بھی کی۔ایردوآن نے ایک مرتبہ پھر صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے
اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد ہی فلسطینی ریاست کے لیے ترک سفارت خانہ یروشلم میں کھول دیا جائے گا۔ صدر کا کہنا تھاکہ یروشلم (اسرائیلی) قبضے میں ہے اس لیے ہم وہاں جا کر اپنا سفارت خانہ نہیں کھول سکتے، لیکن انشااللہ وہ وقت دور نہیں اور ہم باقاعدہ طور پر اپنا سفارت خانہ وہاں کھولیں گے۔ ایردوآن کا مزید کہنا تھاکہ براہ مہربانی جہاں آپ ہیں، وہیں رک جائیں اور کوئی صیہونی آپریشن نہ شروع کریں۔ اگر ایسی کوئی کوشش کی گئی تو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔