نئی دہلی(این این آئی) انٹرپول نے ممتاز مذہبی اسکالر ذاکر نائیک کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی اور کہا ہے کہ ان کے خلاف جمع کرائے گئے شواہد ناکافی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے انٹرپول کو 26 اکتوبر کو درخواست دی گئی تھی کہ بھارت کے مذہبی اسکالر ذاکر نائیک کے ریڈ وارنٹ جاری
کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور بھارت کے حوالے کیا جائے تاہم انٹرپول حکام نے یہ درخواست مسترد کردی ہے۔انٹرپول حکام نے کہا کہ ذاکر نائیک کے خلاف دی گئی درخواست کے ساتھ جمع کرائے گئے شواہد ناکافی ہیں اس لیے ان کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری نہیں کی جاسکتے۔ایک درخواست مسترد ہونے پر سیکیورٹی ادارہ پیر تک ایک اور درخواست انٹرپول حکام کو دے گا اس درخواست کے ساتھ ذاکر نائیک پر لگے الزامات پر مبنی این آئی اے
کورٹ کی دستاویزات بھی منسلک کی جائیں گی۔خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے الزام عائد کیا تھا کہ ذاکر نائیک اور ان کی این جی او اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جب کہ ذاکر نائیک اپنی تقاریر سے نوجوانوں کو دہشت گردی پر اکسا رہے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ بھارت نے الزام عائد کیا تھا کہ بنگلہ دیش کے ریسٹورنٹ میں ہونے والے خودکش حملوں کے ملزمان ذاکر نائیک کی تقاریر سے متاثر تھے، حملوں کے لیے فنڈنگ ذاکر نائیک کی تنظیم نے کی۔