اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے پاکستان کے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے لیے حمایت کر دی ہے، تفصیلات کے مطابق ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی سفارت کار ٹیول ڈیڈکوہسکی کی طرف سے ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ روس پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کا مخالف نہیں ہے اور اس ضمن میں اگر پاکستان کی طرف سے کوئی قدم اٹھایا گیا تو روس اس کا راستہ نہیں روکے گا بلکہ اس کی حمایت کرے گا۔ روسی سفارت کار نے پاکستان
کے نیشنل ایکسپورٹ کنٹرول پروگرام کی تعریف کی اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا، انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور ایٹمی توانائی کے شعبے میں پاکستان کے امن پسند اور ذمہ دارانہ رویے کی بھی تعریف کی۔ روس کی حمایت سے قبل چین بھی پاکستان کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کی حمایت کر چکا ہے۔واضح رہے کہ بھارت امریکہ کی بھرپور حمایت کے باوجود ابھی تک نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شامل نہیں ہو سکا ہے۔