اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں پبلک سروس کمیشن کے تحت لیے گئے امتحانات میں پاکستانی ویب سائٹ سے سوال نقل کیے گئے، تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہنا ہے کہ ارونا چل پردیش پبلک سروس کمیشن کی طرف سے لیے گئے امتحان میں سوالات پاکستان کی ایک ویب سائٹ سے نقل کیے گئے،
پبلک سروس کمیشن کے تحت امتحان دینے والے امیدواروں نے کہا کہ کچھ سوالات 2008 کے یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانوں سے نقل کیے گئے تھے جب کہ سماجیات کے 90 فیصد سوالات مبینہ طور پر ایک آن لائن ڈسکشن فورم سے لیے گئے ، پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں عمومی تاریخ، سماجیات اور سیاسیات کے کچھ سوالات بھی غیر ملکی تناظر میں تھے، ایک امیدوار نے امتحانات کے بارے میں کہا کہ زیادہ تر پیپر فوٹو کاپی تھے، جب ہم نے چیک کیا تو پتہ چلا کہ یہ سوالات پاکستانی ویب سائٹ سے نقل کیے گئے تھے، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پرچہ جات مرتب کرتے وقت کاپی پیسٹ سے کام چلایا گیا جو کہ غیر قانونی عمل ہے، اس حوالے سے ریاست اروناچل پردیش میں دوبارہ امتحان کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ اس تمام تر صورتحال کے باعث سیکرٹری پبلک سروس کمیشن نے کہا کہ تمام پرچوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اگر میں ان میں کوئی کوتائی پائی گئی تو کمیشن اس بارے لائحہ بنائے گا۔ بھارتی میڈیا کا اس بارے میں کہنا تھا کہ 2015 میں بھی پبلک سروس کمیشن کے پرچے آؤٹ ہو گئے تھے مگر اس دفعہ تو نوے فیصد پرچے پاکستانی ویب سائٹ سے نقل کیے گئے۔