لندن /واشنگٹن /اوٹاوا(آئی این پی)برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں سخت سردی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا،برطانیہ میں درجہ حرارت منفی 13 ہونے سے زندگی کی سرگرمیاں منجمد ہوگئیں، امریکا میں برفانی طوفان سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیںجبکہ کینیڈا میں کڑاکے کی سردی کے باعث سڑکیں، ٹرینیں اور فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن، مڈلینڈ، شمالی آئر لینڈ اور ویلز اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت منفی 13
ہونے سے سڑکوں اور ٹرینوں کی پٹری پر برف جم گئی ہے۔شدید سردی اور برف باری کے بعد حکام نے متعدد ٹرینیں اور پروازیں معطل کردیں جبکہ روڈ کے ذریعہ سفر کرنے والوں کو انتباہ کیا کہ وہ اس موسم میں سفر کرکے جان کا خطرہ مول نہ لیں۔برف باری کے باعث یورو ٹنل کی بجلی منقطع ہوگئی اور ٹرینوں اور بسوں کی روانگی میں 6 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی۔ امریکا میں برفانی طوفان نے زندگی مفلوج کردی ہے۔ریاست نیو یارک، بوسٹن، نیو ہیمشائر، البانے اور دیگر ریاستوں میں برف باری کے باعث کڑاکے کی سردی ہے۔حکام نے اسکول بند کردئے ہیں اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گھروں میں رہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی اور ہزاروں افراد سردی سے متاثر ہوئے ہیں۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں بجلی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔کینیڈا میں سخت سردی کے باعث سڑکوں پر برف جم گئی ہے۔ خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں معطل ہونے سے ہزاروں مسافر ائیر پورٹس پر محصور ہوگئے ہیں۔