اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کا انحصار طالبان کے خلاف ایکشن پر ہو گا، افغانستان اور پاکستان میں استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔پیر کو اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ نئی افغان پالیسی پر بات چیت کے لئے منگل کو پاکستان جاؤں گا ۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کا انحصار طالبان کے خلاف ایکشن پر ہو گا ۔ پاکستان کو خطے کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہو گا ۔ افغانستان اور پاکستان میں استحکام ہماری اولین ترجیح ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن منگل کو ایک روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان
آئیں گے، وہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن منگل کو ایک روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔ریکس ٹلرسن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیرخارجہ خواجہ محمدآصف اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقاتیں کرینگے ۔ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات ،افغانستان میں استحکام اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیاجائیگا۔امریکی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب خواجہ محمدآصف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ ادھر امریکہ کے وزیردفاع جمز میٹس اس سال دسمبر میں پاکستان کادورہ کریں گے ۔