ٹورنٹو(این این آئی)طالبان کے گروہ حقانی نیٹ ورک کی مبینہ قید سے بازیاب کرائے جانے والے کینیڈین شہری جوشوا بوئل نے کہاہے کہ قید میں اْن کی ایک بچی کو ہلاک کیا گیا جبکہ بیوی کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بوئل نے ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر جہاز سے اترنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یقینی طور پر یہ میرے خاندان کے لیے بے پناہ اہمیت کا حامل ہو گا کہ ہم اپنے بچوں کے لیے یہاں ایک محفوظ پناہ گاہ
تعمیر کر سکیں گے جسے وہ گھر کہہ سکیں۔جوشوا بوئل نے نیوز کانفرینس میں پْر سکون آواز میں بیان دیتے ہوئے کہاکہ حقانی گروپ کا شر ایک مسافر کو اغوا کرنے اور پھر اْس کی نومولود بچی کو قتل کرنے سے ہی ظاہر ہے۔ اور یہ شر میری بیوی کے ایک سے زیادہ بار ریپ سے بھی عیاں ہے جو گروپ کے سربراہ کی نگرانی میں کیا گیا۔ بوئل نے وضاحت سے نہیں بتایا کہ’ مسافر، قتل، اور ریپ سے اْن کی مراد کیا تھی۔ بوئل کی بیوی کولمین اس کانفرنس میں موجود نہیں تھیں۔