اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج اور آئی ایس آئی کی کاوشوں سے رہائی پانے والے کینیڈین شہری جوشوا بوائل نے پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہے۔ جوشوا نے کہا کہ جس زبردست طریقے سے پاک فوج نے آپریشن کیا یہ ان کے پیشہ وارانہ تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا جدید تکنیک اور مہارتوں سے لیس کینیڈا اور امریکہ بھی بعض اوقات ایسے آپریشن میں فیل ہوجاتے ہیں۔
آپریشن کے دوران میری اور میری فیملی کا بھرپور خیال رکھا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اس کے اثرات میرے بچوں پر نہ پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ حکومت اور پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ آئی ایس پی آر نے جوشوا کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ پانچ سال کے دوران وہ یہ سوچتے تھے کہ جس دن وہ آزاد ہوں گے وہ دن ان کی خوشی کا سب سے بڑا دن ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ میرے لئے حیران کن بات یہ تھی کہ کیسے پاک آرمی نے ساری صورتحال کو سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہماری حفاظت کو یقینی بنایا انہوں نے ہماری آزادی کا دوسرا دن پہلے سے بھی بہتر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری رہائی کے وقت جب فائرنگ ہو رہی تھی اور میرے اوپر بھی خون گرا ہوا تھا اس مشکل صورتحال میں پاک آرمی کا ایک میجر آیا اور اس نے کہا کہ امریکی میڈیا کہتا ہے کہ ہم حقانی نیٹ ورک کی حمایت کرتے ہیں آج تم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ کیسے ہم نے ان لوگوں کو گولیاں ماری۔ جوشوا نے کہا کہ انہوں نے جو دیکھا وہ سب سچ ہے۔ آئی ایس آئی اور پاک آرمی کے جوانوں نے دہشت گردوں کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا تھا تاکہ میری فیملی کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان یہ کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان، خطے اور دنیا بھر میں جرائم ختم ہوسکیں۔ اللہ پاکستان کو کامیابیاں دے۔