اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) روہنگیا مسلمان آئی ایس آئی اور داعش کے ایجنٹ ہیں، مودی حکومت نے برمی فوج کے مظالم کے مارے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں جواب داخل کراتے ہوئے انہیں قومی سلامتی کیلئے شدید خطرہ قرار دیدیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے قصائی مودی کی بھارتی حکومت نے برمی فوج کے مظالم کے مارے بھارت پہنچنے والے روہنگیا مسلمانوں کو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور شدت پسند عالمی تنظیم داعش کا ایجنٹ قرار دیدیا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ میں روہنگیا مسلمانوں کو بھارت سے بے دخل کرنے یا قیام کی اجازت دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت جاری ہے جس میں متعصب مودی حکومت نے جواب داخل کراتے ہوئے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمان پاکستانی ایجنسی اور داعش کے ایجنٹ اور قومی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ بھارتی حکومت کے جواب میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں عسکریت پسند روہنگیا سرگرم ہیں، لہذا عدالت انہیں ملک بدر کرنے سے حکومت کو نہ روکے، کیونکہ ان کے یہاںقیام سے بھارتی شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں تقریبا 40 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان برمی فوج کے مظالم سے تنگ آکر پناہ کی تلاش میں پہنچے ہیں جو وہاں نہایت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔