جدہ(آئی این پی) اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی)نے سائنس کی دنیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 4مسلم سائنسدانوں کو اعزاز سے نوازا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سائنس و ٹیکنالوجی کے روشن ستارے ہیں۔ نئی نسل کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مراکش کی پروفیسر خاتون رجا الشرقاوی المرسلی
کو او آئی سی ایوارڈ دیا گیا۔ وہ مراکش کی محمد الخامس یونیورسٹی اور فرانس کی فورایر گرونوبل یونیورسٹی سے ایٹمی فزکس میں پی ایچ ڈی ہیں۔ مراکش میں ایٹمی فزکس کے حوالے سے نمایاں کارنامے انجام دے چکی ہیں۔ دوسرا ایوارڈ ترکی کے پروفیسر یوسف الیاگتسی کو دیاگیا۔ وہ پولیمر میں اسپیشلسٹ کیمیکل لیباریٹری قائم کئے ہوئے ہیں جو دنیا کے بڑے سائنسدانو ںکا فورم بن چکی ہے۔ تیونس کے پروفیسر علونی کو بھی او آئی سی
ایوارڈ دیا گیا۔ وہ الیکٹرانک کے ماہر ہیں۔ اِن دنوں کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی سے منسلک ہیں۔ گیمبیا کے پروفیسر عسان جایا کو بھی اعزاز دیا گیا۔ وہ اپنے یہاں میڈیکل ریسرچ کونسل کے سربراہ ہیں۔