اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو 225 ملین ڈالر دینے کا عندیہ دے دیا، تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک طرف پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں تو دوسری جانب امریکہ نے پاکستان کو 225 ملین ڈالر دینے کا عندیہ دیا ہے
اور اس کے ساتھ یہ شرط بھی رکھ دی کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائی کرنے پر یہ رقم لے سکتا ہے جو کہ شاید پاکستان کے لیے قابل قبول نہ ہو۔ نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کو225 ملین ڈالر کی مشروط امداد دی ہے یہ امداد پاکستان ملک کے اندر موجود دہشتگردوں کے خلاف مزیدکارروائی کرکے لے سکتاہے۔ یہ اعلان ایسے وقت پر کیا گیا ہے کہ جب کچھ ہی ہفتے قبل امریکہ کے صدر ٹرمپ نے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا تھا امریکی صدر کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ صورت اختیار کر گئے لیکن امداد کے اس اعلان کے باوجود شرائط پوری ہونے تک یہ اکاؤنٹ بلاک ہی رہے گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کے الزامات کے بعد پاکستان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورے سمیت امریکی حکام کے ساتھ تین اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی منسوخ کر دی تھیں اور پاکستان کی قومی اسمبلی نے بھی امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کو دھمکی قراردیتے ہوئے ایک قرارداد کے ذریعے اسے مسترد کر دیا تھا۔