اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں غیر قانونی تارکین وطن کو 500 پاؤنڈ میں اصلی برطانوی پاسپورٹ کی فروخت کا انکشاف، تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک سمیت برطانیہ بھی داعش کے نشانے پر ہے اور اسی وجہ سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، ڈیلی میل نے اپنی ایک رپورٹ میں ایسا انکشاف کر دیا کہ برطانوی حکام پریشان ہو کر رہ گئے،
اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کچھ جرائم پیشہ گینگ یورپ جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کو صرف 500 پاؤنڈ جو تقریباً70ہزار روپے پاکستانی بنتے ہیں، میں اصلی برطانوی پاسپورٹس فروخت کرتے ہوئے انہیں برطانوی شہریت دے رہے ہیں۔ اخبار کے ایک رپورٹر نے خفیہ طور پر ان میں سے ایک گینگ کے لوگوں سے رابطہ کیا جنہوں نے اسے 500 پاؤنڈ میں برطانوی پاسپورٹ دے دیا۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک سال قبل تک ان چوری کے برطانوی پاسپورٹس کی قیمت 2 ہزار پاؤنڈ تھی۔ اب کچھ عرصے میں اس کی قیمت میں بہت زیادہ کمی ہوئی ہے اور اب یہ پاسپورٹ صرف 500 پاؤنڈ میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ خفیہ انٹرنیٹ ڈارک ویب پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی دستاویزات موجود ہیں جو پاسپورٹ و دیگر حکومتی دستاویزات کی تیاری، بینک اکاؤنٹسکھلوانے اور بھاری قرض لینے میں استعمال ہو سکتی ہیں۔ سکیورٹی ماہرین نے ان پاسپورٹس کے حوالے سے کہا کہ یہ پاسپورٹ داعش کے شدت پسندوں کے ہاتھ بھی لگ سکتے ہیں اور یہ دہشت گردی ان پاسپورٹس کے حصول کے بعد برطانیہ میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر سکتے ہیں۔ سینئر پولیس آفیسر روب وین رائٹ نے کہا کہ چوری کے یہ پاسپورٹس اس وقت یورپ کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکے ہیں اور ایسے پاسپورٹس رکھنے والے افراد کو سکیورٹی فورسز روکنے سے قاصر ہیں۔