نئی دہلی (این این آئی)بھارتی آرمی چیف جنرل بِپن روات نے کہاہے کہ پاکستان اور چین سے دوطرفہ جنگ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل بپن روات نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات ختم نہیں ہوسکتے۔ بھارتی آرمی چیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال کی تکرار جیسے کہ ڈوکلام میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان پیش آنے والا حالیہ تنازع جیسی صورتحال مستقبل میں بھی پیش آسکتی ہے۔
جنرل بپن روات نے الزام لگایا کہ چین خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے اور بھارت سے ڈوکلام کا علاقہ زبردستی حاصل کرنا چاہتا ہے ٗاس لیے ہمیں تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارتی افواج شمالی سرحد پر چین کے سامنے کھڑی رہی تو اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ پاکستان صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریگا اس لیے ہمیں شمالی اور مغربی بارڈرز پر کشیدگی کیلئے تیار رہنما چاہیے۔