بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چینی کمپنی یا بائٹ کے پاکستانی کمپنی یا کسی شخص کیدرمیان معاشی تعلق یا رقم کی منتقلی کے شواہد نہیں ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ چین کے سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن نے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر یابائٹ کمپنی سے متعلق تحقیقات کیں، یابائٹ نے پاکستانی سیاستدانوں کے خطوط بطورثبوت پیش کیے تھے جنہیں کمیشن نے قبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یا بائٹ نے 2015-16میں اوورسیز منصوبوں میں ہیرا پھیری سے آمدن بڑھا چڑھا کر ظاہر کی، ریگولیٹری کمیشن یا بائٹ کمپنی کو سزا دے گی اور کمپنی کوسزا کے نتائج سے متعلق امور کی چند روز میں اشاعت کی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکام اس سے پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ یا بائٹ کمپنی پاکستان میں کام نہیں کرتی، جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ملتان میٹرو میں کرپشن کے الزامات مسترد کردئیے تھے۔شہباز شریف نے الزام لگانے والوں کو چیلنج دیا تھا کہ ثبوت پیش کردیں تو قوم ان کی گردن اڑا دے۔