لندن (این این آئی) برطانیہ میں پہلی بار نصف سے زائد آبادی کسی مذہب سے وابستہ نہیں ہے۔نیشنل سینٹر فار سوشل ریسرچ نے تین ہزار کے قریب لوگوں کا سروے کیا جس سے معلوم ہوا کہ گذشتہ برس 53 فیصد لوگوں نے خود کوبے دین ظاہر کیا۔ان میں سے بھی جن لوگوں کی عمریں 18 اور 25 کے درمیان تھیں، ان کی 71 فیصد تعداد کسی مذہب پر یقین نہیں رکھتی۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں مذہبی رجحان مسلسل گرتا جا رہا ہے۔1983
میں کیے جانے والے ایسے ہی ایک سروے میں 31 فیصد برطانوی شہریوں نے کہا تھا کہ ان کا کوئی مذہب نہیں ہے۔حالیہ سروے سے معلوم ہوا کہ نوجوانوں اور جوانوں کی تقریباً دو تہائی تعداد مذہب پر یقین نہیں رکھتی، البتہ وہ لوگ جن کی عمریں 75 برس سے اوپر تھیں، ان میں سے 75 فیصد نے کہا کہ وہ مذہب پر ایمان رکھتے ہیں۔تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ لوگ جو مذہبی خاندان میں پیدا ہوئے تھے، ان میں سے 40 فیصد کے قریب اب مذہب پر یقین کھو بیٹھے ہیں۔