اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسری جنگ عظیم کو ختم ہوئے 70 سال کا عرصہ بیت چکا ہے مگر اس کے اثرات آج بھی موجود ہیں۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے کھدائی کے دوران ایک بھاری بھر کم بم برآمد ہوا ہے، یہ بم دوسری جنگ عظیم میں گرایاگیا تھا اور اسے ناکارہ بنانے کے لیے شہر کے ایک بڑے حصے کو خالی کرایا جا رہا ہے۔ میل آن لائن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے دوسری جنگ عظیم کے دوران فرینکفرٹ پر گرائے جانے والے اس بم کا وزن 1800 کلوگرام ہے۔ بلاک بسٹر نامی یہ بم شہر کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے
کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گزشتہ روز اس بم کے بارے اس وقت علم ہوا جب گوئٹے یونیورسٹی فرینکفرٹ کے ویسٹ اینڈ کیمپس کے قریبی علاقے میں نئی تعمیرات کے لئے کھدائی جاری تھی۔ یہاں سے بم برآمد ہونے کے بعد قریبی علاقے کو خالی کرایا جا رہا ہے۔ شہریوں کے یہاں سے منتقل ہو جانے کے بعد بم ڈسپوزل ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین اس بم کو ناکارہ بنائیں گے۔ یہاں کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بم کا سائز خطرناک حد تک بڑا ہونے کی وجہ سے اسے ناکارہ بنانے سے پہلے قریبی علاقوں کو خالی کروانا ضروری ہے تاکہ کسی بڑے اور غیر متوقع حادثے سے بچا جا سکے۔