مکہ مکرمہ (آئی این پی ) مسجد الحرام انتظامیہ کے اعلی عہدیدار مشہور المنعمی نے واضح کیا ہے کہ توسیعِ حرم منصوبے کا 95فیصد حصہ مکمل کر لیاگیا،حج موسم کے بعد سارے منصوبے کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔ انہو ں نے بتایا کہ بن لادن گروپ نے مسجد الحرام منصوبے پر کام کبھی بند نہیں کیا۔ سارا کام مقررہ نظام الاوقات کے مطابق کیا جا رہا تھا۔ کوشش یہ تھی کہ نمازاور طواف کا سلسلہ 24گھنٹے جاری رہے۔ المنعمی نے توجہ دلائی کہ کنکریٹ کا سارا کام پورا ہو چکا ہے۔
حرم شریف کی تیسری سعودی توسیع کا 95فیصد کام انجام دیا جا چکا ہے۔ دیگر کام 80فیصد تک کر دئیے گئے ہیں۔ المنعمی نے توجہ دلائی کہ امسال پہلی مرتبہ منی سے مسجد الحرام کیلئے حاجیوں کو منظم شکل میں بھیجا جائے گا تاکہ حرم شریف کے صحنوں میں حد سے زیادہ رش نہ ہو۔ سعودی عرب نے 10ہزار سے زیادہ تربیت یافتہ افراد مہیا کئے ہیں۔ 2400عارضی کارکن تعینات کئے گئے ہیں۔ حجاج کرام پہلی بار مطاف کے توسیعی منصوبے کے تحت جدید سہولتوں سے استفادہ کریں گے۔ تیسری سعودی توسیع کے ایک ، ایک حصے سے فائدہ اٹھائیںگے۔ حرم شریف کے اطراف قائم کئے گئے طہارت خانے استعمال کر سکیںگے۔ حرم کے بیشتر مقامات پر ائیرکنڈیشن کا بندوبست کیا گیا ہے۔ معذور، ضعیف اور معمر زائرین کو آمدورفت میں سہولت دینے کیلئے 40گالف گاڑیاں مہیا کی گئی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ جو وہیل چیئرز حرم انتظامیہ کے تحت ہیں انہیں چلانے والے انتہائی رش کے دوران 150ریال لیتے ہیں جبکہ الیکٹرانک وہیل کا کرایہ 100ریال ہوتا ہے۔ المنعمی نے اعتراف کیا کہ ہوٹلوں سے حجاج کو لانے والے وہیل چیئرز کے کرائے میں من مانی کرتے ہیں۔انہو ںنے مشورہ دیا کہ حجاج ان کے چکر میں نہ پڑیں بلکہ مفت وہیل چیئر حاصل کرنے کیلئے مقررہ مقامات سے رجوع کریں۔