مکہ مکرمہ(آئی این پی )مکہ مکرمہ میں مسجد میں قائم جعلی آب زم زم کی فیکٹری پکڑی گئی ،سیکورٹی حکام نے جعلی آب زمزم کے ہزاروں کارٹن قبضے میں لے کر ایشیائی امام کو گرفتار کرلیا ۔سعودی میڈیا کے مطابق المسفلہ بلدیہ اور وزارت تجارت مکہ مکرمہ شاخ نیز مکہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے الخالد 1 محلے کی مسجد میں جعلی آب زمزم کے کارخانے کا انکشاف کیا ہے۔
غیر ملکیوں نے امام مسجد کی ساز باز سے مذکورہ مسجد کو جعلی آب زمزم کے کارخانے میں تبدیل کردیا تھا۔ یہاں سے جعلی آب زمزم کے 2264کارٹن ضبط کئے گئے۔ علاوہ ازیں 7225کارٹن کارگو کے ذریعے بھیجے جانیوالے تھے، انہیں بھی ضبط کرلیا گیا۔ایشیائی امام کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس واردات میں ملوث غیر ملکیوں سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی۔