بغداد(آئی این پی)عراق میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شہری گرمی سے بے حال، بجلی کی کمی کے باعث لوگ ایئر کنڈیشنر چلانے سے بھی قاصر ہو گئے،حکومت نے عام تعطیل کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث عراقی عوام بے حال ہیں تو وہیں بجلی میں کمی
کے باعث ان کی پریشانی میں شدید اضافہ ہو رہا ہے۔صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم حیدر العبادی نے تمام سرکاری ملازمین کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ عراقی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی شدید گرمی میں اضافے کا امکان ہے۔عراقی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ جمعرات کو ملک کے بعض علاقے میں درجہ حرارت 51 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔