واشنگٹن (این این آئی)امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے کہاہے کہ اوباما انتظامیہ کے مقابلے میں راز افشا ہونے کے واقعات کی تفتیش کی تعداد تین گنا بڑھا دی گئی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دوران ’کلاسی فائیڈ‘ نوعیت کی معلومات کی ذرائع ابلاغ، انٹیلی جنس کمیونٹی اور دیگر سرکاری اداروں کو ’لیک‘ ہونے سے بچایا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے سیشنز نے کہا کہ وہ اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ راز افشا ہونے
کے معاملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، تاکہ رازوں کو عام ہونے سے روکا جائے، جن کی وجہ سے ہمارے ملک کے تحفظ کی ہماری حکومت کی استعداد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔اْنھوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی یہ اجازت نہیں ہونی چاہیئے کہ وہ میڈیا میں اپنی ذاتی لڑائی لڑنے کی غرض سے حساس نوعیت کی سرکاری معلومات کا انکشاف کرتا پھرے،اْنھوں نے متنبہ کیا کہ اِن انکشافات کے نتیجے میں ہماری قومی سلامتی کو سخت خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔