انقرہ(این این آئی)ترکی میں گزشتہ سال ہونے والی ناکام بغاوت کے الزام میں تقریباً 500 افراد کیخلاف عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں گزشتہ سال ہونے والی ناکام بغاوت کے الزام میں تقریباً 500 افراد کو ٹیلی وڑن کیمروں کے سامنے عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ہتھکڑیاں باندھے ان افراد کو جب پولیس کی
تحویل میں عدالت لے جایا گیا تو اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو ان افراد کیخلاف سزائے موت کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ خبریں ہیں کہ ان مظاہرین کے رشتہ دار اس ناکام بغاوت میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے یا زخمی ہوئے تھے۔ اس مقدمے کو ترکی میں بغاوت کا سب سے بڑا مقدمہ قرار دیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال 2016ء میں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں 249 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ گرفتار ہونے والے افراد میں سے 500 ایسے ہیں جن پر اس سازش میں حصہ لینے کے جرم میں مقدمہ چلے گا۔