ریاض(این این آئی)سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ قطر کا حج کے مقدس مقامات کو بین الاقوامی بنانے کا مطالبہ ایک جارحانہ فعل اور سعودی مملکت کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔انھوں نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں چارعرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر عرب ٹی وی سے انٹرویومیں کہاکہ ہم ایسے کسی بھی فریق کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جو مقدس مقامات کو بین الاقوامی قرار دینے کے لیے کام کررہا ہے۔
عادل الجبیر نے قطر کی جانب سے حج کے معاملات کو سیاسی بنانے کی کوششوں کی مذمت کی اور انھوں نے کہا کہ قطریوں کا حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب آمد پر خیرمقدم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب قطر کی جانب سے اپنے عازمین حج کی مملکت میں آمد کو روکنے کے لیے اور حج امور کو سیاسی بنانے کی کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی عازمین حج کے خیر مقدم اور انھیں سہولتیں مہیا کرنے کی تاریخ بڑی واضح ہے۔