کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا نے چینی حکام کی جانب سے دیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ سے نکلنے کے لیے اپنی بندرگاہ کا 70 فیصد حصہ 99 سال کیلئے 1 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر کے عوض لیز پردینے کا معاہدہ کرلیا۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین اور سری لنکا کے درمیان 6 ماہ قبل معاہدے کا فریم ورک تیار کرلیا گیا تھا تاہم سری لنکا میں عوامی رد عمل اور احتجاج کے باعث یہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔کولمبو میں اعلیٰ چینی اور سری لنکن حکام کی موجودگی میں سری لنکا کے سرکاری ادارے سری لنکا پورٹس
تھارٹی (ایس پی اے) اور چینی کمپنی چائنا مرچنٹس پورٹ ہولڈنگ کارپوریشن نے معاہدے پر دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق چینی کمپنی سری لنکن پورٹ میں 1 ارب 12 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی تاہم معاہدے کے اصل فریم ورک کے مطابق چین کو مذکورہ بندرگاہ کا 80 فیصد قبضہ دیا جاچکا ہے۔سری لنکا پورٹ اتھارٹی اور چینی کمپنی برابری کی بنیاد پر بندرگاہ کے امور چلائیں گی، جس کے تحت چینی کمپنی پورٹ کے تجارتی آپریشنز چلائے گی جبکہ سری لنکن حکام اس کی سیکیورٹی کے امور سنبھالیں گے۔