لندن(این این آئی) برطانوی محکمہ برائے عالمی تجارت نے عالمی پیمانے پر اسلحے کی خرید و فروخت سے متعلق ایک تازہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں 2007 سے 2016 تک دس سالہ عرصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ امریکا اسلحے کی 250 ارب ڈالر مالیت کی برآمدات کے ساتھ دنیا میں اسلحہ فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جب کہ 110 ارب ڈالر کی دفاعی برآمدات کے ساتھ برطانیہ کا دوسرا نمبر ہے۔
اقوامِ عالم کو امن کی تلقین کرنے والے امریکا اور برطانیہ پچھلے دس سال کے دوران مختلف ممالک کو سالانہ بالترتیب (اوسطاً) 25 ارب اور 11 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرتے رہے ہیں۔دوسری جانب اسی رپورٹ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور بھارت دنیا میں اسلحے کے سب سے بڑے خریدار ممالک ہیں جنہوں نے اسی ایک عشرے کے دوران بالترتیب 100 ارب ڈالر اور 60 ارب ڈالر کا اسلحہ مختلف ممالک سے خریدا۔