واشنگٹن(آن لائن) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھن گیا۔امریکی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار برس سے مسلسل دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کو آن لائن مارکیٹنگ کمپنی ’’ایمازون‘‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف بیزوس نے اس اعزاز سے محروم کیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ میں ایمازون کے شیئرز کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا
جس کے بعد جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت 90.9 ارب ڈالر تک جا پہنچی اور انہوں نے بل گیٹس کا ریکارڈ توڑ دیا۔اس وقت بل گیٹس کے کل اثاثوں کی مالیت 90.7 ارب ڈالر ہے۔ تین ماہ قبل ہی جیف بیزوس نے وارین بفٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ان کی کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔رواں برس جیف بیزوس کے اثاثوں میں 10.2 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔