استنبول(این این آئی)نیٹو کے رکن دو اتحادی ملک ہونے کے باوجود ترکی اور جرمنی کے مابین دوبارہ پیدا ہونے والی کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور ترک صدر ایردوآن نے کہا ہے کہ برلن حکومت ’ان دہشت گردوں پر توجہ دے، جنہیں اس نے پناہ دے رکھی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق استنبول میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا کہ جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے جرمن کمپنیوں کی طرف سے ترکی میں سرمایہ کاری پر پڑنے والے منفی اثرات سے متعلق جو بات کہی تھی، وہ قابل مذمت ہے اور برلن حکومت کو دراصل خود اپنی طرف دھیان دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جرمن وزارت خارجہ نے جرمن سیاحوں کو ترکی کے سفر سے متعلق جو تنبیہ جاری کی ہے، وہ بھی قطعی بے بنیاد ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ جرمن حکومت ان دہشت گردوں پر بھی توجہ دے، جن کو اس نے اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے۔