اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ وہ چار عرب ممالک کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بحران شروع ہونے کے بعد عوامی سطح پر اپنے پہلے خطاب میں
شیخ تمیم بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی حل کو قطر کی خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا۔ٹی وی پر اپنے خطاب میں قطر کے امیر نے ملک کے خلاف الزامات لگانے کی مہم کی سختی سے مذمت کی اور قطری عوام جذبہ برداشت کو سراہا ۔شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ قطر میں زندگی معمول کے مطابق گزرتی ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب عوام کو حکومتوں کے درمیان سیاسی مسائل سے آزاد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ جہاں تک قطر کی خودمختاری کا احترام کیا جائے گا، ہم ان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل گذشتہ دنوں قطر کا بائیکاٹ کرنے والے سعودی عرب کی قیادت میں تین عرب ممالک نے گذشتہ ماہ پیش کیے جانے والے 13 مطالبات پر مزید اصرار کرنے کی بجائے نرمی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے 6 مطالبے پیش کیے تھے۔